الیکشن کے بعد پہلے روز ہی ن لیگ میں ایک اور فارورڈ بلاک تیار ہو گیا ، ن لیگ کے پلیٹ فارم سے جیتنے والے اراکین اسمبلی میں سے 21قومی اور صوبائی اسمبلی کے 24 ممبران نے تحریک انصاف کی قیادت سے رابطے شروع کر دیئے اور اپنے تعاون اور حمایت کی یقین دہانیاں کرانا شروع کر دیں ۔مصدقہ ذرائع نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے 21 ایسے نو منتخب اراکین اسمبلی جو کہ جیتے تو ن لیگ کے پلیٹ فارم سے ہیں انہوں نے پی ٹی آ ئی کے اہم رہنماؤں سے نہ صرف رابطے شروع کر دیئے ہیں بلکہ یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر انہیں قبول کیا جائے تو وہ کھل کر حکومت سازی میں تحریک انصاف کی حمایت کریں گے ۔ با وثوق ذرائع نے کہا کہ اس ضمن میں تحریک انصاف کی جس قیادت سے ان کے رابطے ہوئے ہیں ۔اس اہم شخصیت نے انہیں جواب دینے کیلئے کچھ وقت مانگا ہے ۔ با وثوق ذرائع نے کہا ہے کہ نو منتخب قومی اسمبلی اراکین کے سا تھ پنجاب اسمبلی کے 24نو منتخب اراکین اسمبلی نے بھی تحریک انصاف کی قیادت سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ اس ضمن میں آ ئندہ 36 گھنٹوں میں ان کو ساتھ رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کر لیا جائے گا ۔با وثوق ذرائع کے مطابق یہ ن لیگ کے وہ اراکین اسمبلی ہیں جن کا چودھری نثار گروپ سے تعلق نہیں بلکہ یہ علیحدہ حیثیت سے اپنا گروپ بنا رہے ہیں ۔