ساہیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر)الیکشن ڈیوٹی میں غفلت پر 2سینئر ڈاکٹروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی سفارش،محکمہ صحت کے عملے نے پولنگ ڈے پر 7241افراد کو طبی امداد فراہم کی جبکہ 401زخمیوں کا علاج کیا گیا ۔ محکمہ صحت نے پولنگ ڈے کے موقع پر تمام ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر خصوصی ہیلتھ ڈیسک قائم کئے تھے تا کہ کسی بھی حادثے یا لڑائی جھگڑے کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے ۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم نے بتایا کہ ڈیوٹی کے باوجود ٹی ایچ کیو چیچہ وطنی کے سرجن ڈاکٹر تنویر الحق غیر حاضر رہے اور ابطہ کرنے پر کہا کہ سرکاری چھٹی کے دن وہ ڈیوٹی نہیں کر سکتے جس پرمذکورہ ڈاکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لئے سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کو سفارش کر دی گئی ہے اسی طرح دوپہر ساڑھے 11بجے وزٹ کے دوران آر ایچ سی ہڑپہ بند پایا گیا جبکہ اس کے گیٹ کو تالے لگے ہوئے تھے جس پر سنٹر انچارج سنٹر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر خضر حیات کاٹھیہ کے خلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔پورے دن 7241مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جن میں ضلع ساہیوال 811،ضلع اوکاڑہ 4404اور ضلع پاکپتن میں 2026مریض شامل ہیں جبکہ 401زخمی اشخاص کا بھی علاک کیا گیا جو انتخابات سے متعلق لڑائی جھگڑوں میں زخمی ہوئے تھے -ان میں 64زخمی ضلع ساہیوال ،138ضلع اوکاڑہ اور 199ضلع پاکپتن کے تھے جبکہ 66زخمیوں کو ایم ایل سی بھی جاری کئے گئے ۔