لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس نے الیکشن ڈے پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہ ہو۔ اس ضمن میں ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک وارڈنزکوپروگرام کی نوعیت اور حساسیت کے بارے میں مفصل بریفنگ دیں،اپنی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مشکوک افراد ، لاوارث اشیاء پر کھڑی نظر رکھیں۔کسی بھی مشکوک حرکات سکنات پر فوری سینئر افسر کو رپورٹ کریں ۔ ایمبولینس اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے راستہ کلیئر رکھا جائیگا،سی ٹی او نے کہاکہ تمام نفری کو سکیورٹی کارڈ فراہم کر دیئے گئے ہیں تمام وارڈنز سروس کارڈ اور سکیورٹی کا رڈ آویزں کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں گے ،انہوں نے کہاکہ تمام ٹریفک وارڈنز کو ان کے ڈیوٹی پوائنٹس پر کھانہ اورٹھنڈا پانی فراہم کیا جائیگا تاکہ کوئی بھی وارڈن اپنا ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑے ۔انہوں نے کہاکہ پولنگ کے بعد کسی بھی شہری کو روڈ بلاک کرنے یا دیگر شہریوں کے لئے مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،فوری ٹریفک کی روانی کیلئے 10ایمرجنسی اسکواڈز بھی تشکیل دیئے گئے ، اسکواڈایمرجنسی کال پر فوری ریسپانس کریں گے ۔سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کو پولنگ بوتھ سے دور،رانگ پارکنگ کے خاتمہ اورون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں،شہری ڈائیورشن پوائنٹس پر موجود وارڈنز سے راہنمائی حاصل کریں ، شہریوں کو راستہ ایف ایم88.6اور راستہ ایپ سے لمحہ بہ لمحہ ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھا جائیگا۔