اسلام آباد (این این آئی)جماعت اسلامی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کی شق 213 کی ذیلی شق 2Bمیں ترامیم کا بل سینٹ میں جمع کرا دیا ہے ،ترمیمی بل سینیٹر سراج الحق کی طرف سے جمع کرایاگیاہے ۔ترمیمی بل میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی میں وزیر اعظم ،اپوزیشن لیڈر اور پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں آئین میں ذیلی شق 2c شامل کرنے کی تجویزدی گئی ہے ،اس ترمیم کے ذریعے ممبران کی تعیناتی میں تعطل ختم ہو جائے گا۔ممبران کی تقرری نہ ہونے کی صورت میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ،2سینئر ججز اور جن صوبوں سے ممبران کی تقرری ہونی ہے ان صوبوں کی ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان پر مشتمل جوڈیشل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویزدی گئی ہے ۔