صنعاء (این این آئی)یمن کی سرکاری فوج نے عرب اتحادی فوج کی مدد سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے گڑھ صعدہ گورنری میں مزید کئی اہم علاقے حوثی باغیوں کے قبضے سے آزاد کرا لئے جبکہ جھڑپوں میں 43حو ثی ہلاک ہو گئے ہیں ۔صعدہ گورنری کے نواحی علاقوں پر یمن کی آئینی فوج کے حملے میں حوثی ملیشیا کے جنگجو پسپا ہوگئے ۔ باقم کے محاذ پرجاری رہنے والی لڑائی کے نتیجے میں باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا اور43 جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ درجنوں فوجی گاڑیاں اور اسلحہ تباہ کردیاگیا ۔ حکومتی فوج اور اس کی معاون ملیشیا نے عرب اتحادی فوج کی مدد سے باقم ڈاریکٹوریٹ میں قماحل، القحلہ، زماحل، آل معیض اور جبل الاسود کو باغیوں سے چھڑالیا۔ قبل ازیں سرکاری فوج نے حملہ کرکے پہاڑی علاقوں کے قریب قمبور اور المبرک قصبوں کوبھی حوثی باغیوں سے آزاد کرالیا ۔ اس کے علاوہ حکومتی فورسز نے جبل طیبان اور ام نعیرہ سے بھی حوثی باغیوں کو نکال باہر کیا ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پہاڑی علاقوں پر سرکاری فوج نے رات کے وقت چھ اطراف سے حملہ کیا۔