اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 3 ارب40کروڑ ڈالرامداد دے گاجو بجٹ کو سپورٹ کرنے کیلئے ہوگی ۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے ٹویٹر پر اپنے پیغامات میں کہاکہ گزشتہ روز انکی ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل ورنر لیپک اور کنٹری ڈائریکٹر ژائو ہونگ یانگ سے ملاقات ہوئی جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے پروگرام پر اتفاق کیا گیا۔ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 3.4 ارب ڈالر دے گا۔ اے ڈی بی اصلاحات اور معاشی استحکام میں مدد دے گا۔انہوں نے بتایا کہ 2.2 بلین ڈالر اگلے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کومنتقل کیے جائیں گے ۔اس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں مدد ملے گی ۔دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بیان میں کہاگیاکہ مالی سال 2020ء کے دوران بجٹ سپورٹ کی مد میں پاکستان کو 2 ارب ڈالر سے زائدکی معاونت فراہم کی جائیگی جس سے تجارتی توازن، توانائی کے شعبہ اور سرمایہ کی منڈی میں پالیسی اصلاحات پر عمل درآمد میں مدد حاصل ہو گی۔ اے ڈی بی کی ڈی جی نے مشیر خزانہ کو مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے علاوہ حکومت پاکستان کو ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے ادائیگیوں کو بہتر بنانے کیلئے معاونت پر بریفنگ دی۔ مشیر خزانہ نے معاشی استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حوالے سے بھرپور معاونت کی فراہمی پر ڈائریکٹر جنرل کے عزم کو سراہا۔