نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارت میں طوفان امپھان کے بعد بھارتی شہر کولکتہ میں نظام زندگی تاحال مفلوج ہے جس کے بعد حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔بھارتی شہر کولکتہ میں گزشتہ روز ہزاروں افراد نے حکومت مخالف مظاہروں میں حصہ لیا۔ ان افراد کا کہنا تھا کہ ’سپر سائیکلون‘ کے بعد حکومتی ردعمل سست رہا اور وہ ابھی تک بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ امپھان نامی اس قدرتی آفت کے نتیجے میں بنگلہ دیش اور بھارت میں ہلاکتوں کی تعداد 112 ہو چکی ہے ۔ امدادی کارکن اس تباہ کاری کے بعد صورتحال قابو میں لانے کے لیے کوشاں ہیں لیکن ساتھ ہی کورونا وائرس کی وجہ سے شدید مشکلات درپیش ہیں۔ بالخصوص کولکتہ میں بجلی کا نظام دو دن بعد بھی بحال نہیں ہو سکا جبکہ کئی علاقوں میں بدستور سیلابی حالت برقرار ہے ۔