لاہور(اسپورٹس ڈیسک) امام الحق کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بے تابی سے انتظار کررہا ہوں جب کہ روایتی حریف کے خلاف سنچری سکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کی خواہش ہے ۔رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ اوپنر امام الحق کا کہنا تھا کہ جب کرکٹ کا آغاز کیاتھا تو یہ سوچا بھی نہیں تھا اتنی جلد خواب پورے ہوجائیں گے ۔ون ڈے اور ٹیسٹ میں اللہ نے جو عزت دی اس پر اللہ کا جتنا شکرادا کروں، اتناہی کم ہے ۔ بھارت کے خلاف کھیلنا اور پرفارم کرنا ہمیشہ ہی سب کرکٹرز کا خواب رہا ہے ، میری بھی تمنا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے اور اس میچ کو اپنے لیے یادگار بناوں، جس طرح فخرزمان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ناقابل فراموش میچ اننگز کھیلی، اسی طرح میں بھی کچھ خاص کرنے کی کوشش کروں گا۔امام الحق نے کہا کہ ساتھی کرکٹرز کے مطابق بھارتی ٹیم کے خلاف میچ میں پریشر عروج پر ہوتا ہے لیکن میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ پریشر میں ہی پرفارم کرکے بڑا کھلاڑی بنتا ہے۔