ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے غاصبانہ اقدامات کی بدولت بھارت کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ، خطے میں امن نہ صرف ہماری خواہش ہے بلکہ ترجیح بھی۔ عالمی دنیا 80لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی ظلم و ستم سے نجات دلائے ۔ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین پامالی روکی جائے ۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کروانے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے اور عالمی دنیا مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔موجودہ حکومت امسال 5فروری یوم کشمیر ایک نئے جوش ولولہ سے منائے گی۔ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت 56سال بعد مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156میں مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں سے ملاقات‘ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر ایران ‘ سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کیا میرا یہ دورہ کامیاب رہا۔ میں نے اس دورہ کے دوران ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کروانے کیلئے بھرپورکوشش کی۔ ہماری کوشش تھی کہ خطہ میں کوئی کشیدگی نہ ہو ۔اور الحمد اللہ چند روز پہلے جو کشیدگی دکھائی دے رہی تھی اب نہیں ہے ۔ ہماری خواہش ہے دونو ں کے درمیان مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے ہمارے اقدامات کو عالمی دنیا سراہا رہی ہے ۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان سمیت پورے خطے میں امن ہوگا۔خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت نے کرپشن اور کرپٹ عناصر سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ کرپشن پر زیرو ٹالرنس اور احتساب بلا امتیازہماری پالیسی ہے ۔