اسلام آباد (سپیشل رپورٹر )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مغربی طاقتیں اور اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کو رنگ، نسل، ذات اور قومیت کی بنیاد پر لڑا رہے ہیں، عالم اسلام اپنے دشمنوں کو پہچانے ، سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یک جان ہو جائے ، امت کو تقسیم کرنا یہودیوں کا ایجنڈا ہے ، بیت المقدس کی حفاظت امت مسلمہ کا اولین فرض ہے ، مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے اسلامی ممالک کو ایک مشترکہ فورس تشکیل دینی چاہیے ،جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں، وقت کا تقاضا ہے کہ فلسطینیوں کی جدوجہد کا ساتھ دیا جائے ، مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کی ضرورت ہے ، مسئلہ فلسطین ،کشمیر کے حل تک امن ممکن نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسئلہ فلسطین، درپیش مسائل اور امکانات کے موضوع پر اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ مقررین میں (ن) لیگ کے رہنما راجہ ظفر الحق، پی پی رہنما نیئر بخاری، بانی رکن پی ٹی آئی میاں جاوید، سابق سفراء عبدالباسط، ضمیر احمد زمان، سینئر صحافی حامد میر، صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبدالشکور اور نصراللہ رندھاوا شامل تھے ۔ مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جامع اور مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے ، دونوں خطوں کی آزادی محض بیان بازی سے نہیں ہو گی بلکہ اس کیلئے مسلمان ممالک کو متحد ہو کر مضبوط آواز اٹھانے کی ضرورت ہے ۔