اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے دنیا یہاں کی وہاں ہو جائے این آر او کسی صورت نہیں دیا جائے گا،امیر قطر نے ڈیل کی کوئی بات نہیں کی،یہ پیسے دیں اوراپنی جان چھڑائیں،بجٹ ہر حال میں منظور ہوگا ،ہمارے پاس اکثریت ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کسی کو این آر او نہیں ملے گا،یہ این آر او مانگ رہے ہیں بلکہ 90 کے زاویئے سے مانگ رہے ہیں، دنیا یہاں کی وہاں ہو جائے ،این آر او کسی صورت نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیر قطر نے کوئی ڈیل کی بات نہیں کی،نہ اردوان اور نہ ہی سعودی عرب والوں نے کوئی بات کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پیسے دیں اور اپنی جان چھڑائیں،کریمنل اپنے کرائم بچانے کیلئے اے پی سی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کریمنل کے حق میں تحریک چلانا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اتنے برے پھنسیں گے کہ قانون سے جان بھی نہیں چھڑا سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ ہر حال میں منظور ہوگا ،ہمارے پاس اکثریت ہے ، ہمارے 25 سے 30 اراکین ان سے زیادہ ہیں۔