واشنگٹن ،تہران( نیٹ نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تیل کی درآمد پر مکمل پابندی کا اعلان کردیا، ایرانی تیل کی برآمدات کو حاصل استثنا ختم کر تے صدر ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر اوپیک ممالک عالمی مارکیٹ میں تیل کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھیں گے ۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق فیصلہ ایران کی تیل برآمدات کو صفر کرنے کے لیے کیا گیا ہے اورفیصلے کا مقصد ایران کے آمدنی کے ذرائع کو روکنا ہے ۔ٹرمپ انتظامیہ اور اتحادی ممالک، ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اور اس کا مقصد مشرق وسطیٰ، امریکا اور اس کے اتحادیوں کے خلاف ایران کی تخریبی کارروائیوں کو رکوانا ہے ۔ایران نے امریکی پابندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے ۔