واشنگٹن (نیٹ نیوز ) امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمین نے کہا ہے کہ امریکی امور خارجہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جلد سماعت کرے گی۔کمیٹی کے چئیرمین اور رکن کانگریس بریڈ شرمین نے پاکستانی امریکی ڈاکٹر آصف محمود کی کیلیفورنیا میں رہائشگاہ پر ایک تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا سماعت کشمیر میں انسانی حقوق پر دنیا کی توجہ مبذول کرانے کی کوششوں کا حصہ ہے لیکن سماعت کے وقت تک حالات بہتر نہ ہوئے تو صورتحال بدترین ہوسکتی ہے ۔ کشمیر میں جو ہو رہا ہے اس پر توجہ دینا ضروری ہے اور ہماری توجہ کشمیر میں درپیش فوری مسائل اور انسانی حقوق پر مبذول ہے ۔ امید ہے بھارت خوراک، ادوات کی فراہمی اور مواصلاتی ذرائع بحال کرے گا۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تمام امریکیوں کوتشویش ہونی چاہیے ۔