بغداد(این این آئی ) امریکہ نے بغداد میں گرین زون کی سکیورٹی کیلئے 20ملین ڈالرامداد دی ہے ۔امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ امداد گرین زون کو بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون کی مثال ہے ۔سفارتخانے کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فراہم کی جانے والے سپورٹ میں سول انجینئرزکو ضروری مالی وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ بین الاقوامی زون میں داخلے کے راستوں کا از سر جائزہ لے کر اس سکیورٹی زون میں داخلے کیلئے نئے داخلی دروازوں کی تعمیر کر سکیں۔بغداد امریکی سفارتخانے میں ملٹری اتاشی بریگیڈئر جون ٹیکرٹ نے سکیورٹی سروے کی رپورٹ متعلقہ اعلی فوجی حکام کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی امداد بغداد کے بین الاقوامی گرین زون کو بہتر بنانے کیلئے باہمی تعاون کی مثال ہے جس سے عراقی حکومت کے اہم کمپائونڈ کے امن کو ناقابل تسخیر بنانے میں مدد ملے گی۔سفارتخانے کے مطابق امریکا نے عراقی فوج کو تیس آرمڈ گاڑیاں فراہم کیں تاکہ اس گرین زون کی سکیورٹی بہتر بنائی جا سکے۔