واشنگٹن (آن لائن)امریکی شہر بالٹی مور میں گزشتہ روز مظاہرین نے کرسٹوفر کولمبس کا مجسمہ گرا دیا ، یہ نسل پرست مخالف مظاہروں میں گرائے جانیوالی تازہ ترین یاد گار ہے ، مئی میں میناپولیس میں ایک سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد شروع ہونیوالے مظاہروں کی تحریک ’’بلیک لائیوزمیٹر ‘‘ میں امریکہ اور دنیا بھر میں غلامی سے منسوب افراد کے مجسمے گرائے جارہے ہیں، بالٹیمورسن کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے مظاہرین چار جولائی کی رات شہر کے ضلع لٹل اٹلی کے قریب مجسمہ گرا رہے ہیں اور اسے اینرہاربر کی جانب دھکیل کر لے جارہے ہیں ، کولمبس اطالوی سیاح تھا جو 1492 میں امریکہ پہنچا تھا ۔ امریکہ میں یومِ آزادی کے موقع پر بھی مظاہرین وائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہوگئے ، شرکا نے نسلی امتیاز کے خاتمے کے لیے اقدامات اور پولیس اصلاحات کا مطالبہ کیا، وائٹ ہاؤس کے سامنے ٹرمپ کے حامیوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مخالفین کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے نسل پرستی کے خاتمے سمیت ٹرمپ کو اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ مظاہرین نے واشنگٹن میں امریکی پرچم پھاڑ دیا، ٹرمپ کے حامی اور مخالفین آمنے سامنے آئے اور آپس میں گتھم گتھا بھی ہوگئے ، پولیس اہلکار بیچ بچاؤ کراتے رہے ۔ امریکہ میں جنوبی کیرولینا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آگیا ، فائرنگ سے 12 افراد زخمی ہوگئے ،ایک اور نائٹ کلب میں فائرنگ ہوئی، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا، واضح نہیں ہوا کہ فائرنگ دہشت گردی کی کارروائی تھی یا کسی جھگڑے کی وجہ سے کی گئی۔ چار افراد کی حالت تشویش ناک ہے ۔ دو افراد کو مشکوک قرار دیا گیا تفتیش جاری ہے ۔