فیصل آباد(پ ر ) امریکی قونصل جنرل کولین کرینولگی نے آج امریکی محکمہ خارجہ کے تحت فیصل آبادمیں منعقد ہونے والے انگلش ایکسیس مائیکرو سکالر شپ پروگرام کے فارغ التحصیل طلبا سے ملاقات کی اور تعلیم سے ان کے لگاؤ کو سراہا۔ 100 سے زائد تیرہ سے بیس سال تک کی عمر کے طلبا نے انگریزی زبان کی کلاسز کے ذریعے استعداد کار بڑھانے اور جاب مارکیٹ کے لیے تیاری کے لیے ترتیب دیئے گئے دو سالہ محنت طلب تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ یہ بلا معاوضہ بعد از سکول کلاسز اور تربیتی سرگرمیاں نوجوان نسل کو ان عملی صلاحیتوں سے بہرہ ور کرتی ہیں جو انہیں آجکل کی جاب مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنیں۔ قونصل جنرل کرینویلگی نے اعلان کیا امریکی دفتر خارجہ فیصل آبادکے لیے انگلش ایکسیس مائیکرو سکالر شپ پروگرام کو اگلے دو سال کے لیے 150 طلبا تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ "تعلیم تک ایکسیس (رسائی) کا مطلب بہتر روزگار اور بہتر مستقبل تک رسائی ہے اور پاکستان بھر میں طلبا کی معاونت امریکہ کے لیے باعث فخر ہے ، انہوں نے کہا امریکی محکمہ خارجہ 84 ممالک میں ایکسیس پروگرام منعقد کررہا ہے ۔ پاکستان میں 2500 سے زائد طلبا ایکسیس پروگراموں میں حصہ لے رہے ہیں۔ 2004 سے اب تک 16000 سے زائد طلبہ ایکسیس پروگراموں سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔