واشنگٹن(این این آئی) امریکہ نے گز شتہ روز ایران پر نئی پا بندیاں عا ئد کر دی ہیں ۔امریکی محکمہ خارجہ نے ایران کے تعمیراتی شعبے کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں وزارت خارجہ نے کہا کہ پابندیوں میں چار ایسی اشیاء بھی شامل ہیں جنہیں ایران اپنے فوجی یا جوہری پروگراموں میں استعمال کرتا ہے ۔ایران کیلئے امریکی خصوصی مندوب برائن ہْک نے کہا کہ جب تک ایران کسی نئے جوہری معاہدے پر امر یکہ سے گفت وشنید قبول نہیں کرتا واشنگٹن تہران پر پابندیاں عائد کرتا رہے گا۔ہک نے مزید کہا کہ پابندیوں کے ایک سال کے دوران ایرانی تیل کی فروخت 25 لاکھ بیرل سے کم ہو کر ایک لاکھ 20 ہزار بیرل پر آگئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان پابندیوں کے نتیجے میں ایران کا تیل کا شعبہ بدترین زوال کا شکار ہوا ہے ۔امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ 2سال قبل کی صورتحال کے مقابلے میں پابندیوں کی وجہ سے آج ایران کی حکومت معاشی طور پر کمزور ہے ۔امریکی مندوب نے وضاحت کی کہ امر یکہ کی طرف سے ایران پر پابندیاں اس کے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی وجہ سے عائد کی گئی ہیں۔