نئی دہلی( نیٹ نیوز ) بھارت میں خواتین سے زیادتی اور قتل کے بے تحاشہ ہولناک واقعات کے بعد امریکہ اور برطانیہ نے اپنی خواتین شہریوں کو بھارت کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق امریکہ اور برطانیہ نے بھارت کیلئے سفری وارننگ جاری کردی، ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور برطانوی خواتین بھارت کے سفر میں احتیاط سے کام لیں۔کیرالہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدرراہول گاندھی نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی’ریپ راجدھانی‘ بن گیا ہے ، ملک میں خواتین کے لئے کوئی سکیورٹی نہیں ہے ،انہوں نے وزیراعظم مودی پرعصمت دری کے معاملات پر خاموشی اختیارکرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ پورے ملک میں ہر روز کوئی نہ کوئی عصمت دری کا معاملہ سامنے آرہا ہے ، مودی صرف مذہب کی باتیں کرنے میں مصروف ہیں لیکن انہیں کچھ مذہبی کتابیں پڑھنی چاہئیں ،ملک پر حکمرانی کرنے والے ہی جب تشدد پریقین رکھتے ہیں تو ایسے میں عوام کا قانون اپنے ہاتھ میں لے لینا فطری ہے ۔