واشنگٹن( 92نیوز رپورٹ،نیٹ نیوز)امریکا نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر مبینہ جعلی انکائونٹر سپیشلسٹ راؤ انوار سمیت 18 افراد پر پابندیاں عائد کر دیں۔امریکی محکمہ خزانہ سے جاری بیان کے مطابق راؤ انوار جعلی مقابلوں کے ذمہ دار ہیں ،راؤ انوار 190 سے زائد پولیس انکاؤنٹرز میں ملوث رہے جن میں 400 سے زائد اموات ہوئیں، جن میں نقیب اللہ محسود کا قتل بھی شامل ہے ، راؤ انوار نے پولیس اور مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے ٹھگوں کے نیٹ ورک کی مدد کی جو مبینہ طور پر بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے ، منشیات کی فروخت اور قتل کی وارداتوں میں ملوث تھے ،امریکی محکمہ خزانہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث دیگر ممالک میانمار، لیبیا، سلواکیہ، جنوبی سوڈان، کانگو اور روس کے متعدد افراد پر بھی اقتصادی پابندیاں عائد کی ہیں، جبکہ دو افراد پر امریکا میں داخل ہونے کی پابندی عائد کی گئی جن میں استنبول میں سابق سعودی قونصل جنرل بھی شامل ہیں،محمد العُطیبی پر سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل میں مبینہ طور پر کردار ادا کرنے پر پابندی عائد کی گئی،پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد کی امریکا میں جائیدادیں منجمد ہوجائیں گی جبکہ امریکی شہریوں پر ان فراد کے ساتھ لین دین پر پابندی ہوگی۔