دمشق(نیٹ نیوز،این این آئی )امریکہ نے شام کے علاقے ادلب کے قریب القاعدہ پر ڈرون حملہ کیا ہے جس میں 17 ارکان کی ہلاکت کی اطلاع ہے ،ہلاک ہونیوالوں میں 5شہری بھی شامل ہیں۔دوسری طرف ترک فورسز نے حلب کے دیہی علاقوں کرد فورسز پر بمباری کی ہے ،ترک فورسز نے کرد ٹھکانوں پر 20راکٹ فائر کئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج نے شمال مغربی شام میں القاعدہ سے منسلک شدت پسندوں کے ایک ٹھکانے پرڈرون حملے کی اطلاع دی ہے ۔ مرکزی کمان کی خاتون ترجمان میجر بیتھ ریورڈان نے بتایا کہ ادلب کے قریب القاعدہ کے سینئر ارکان کی ایک ملاقات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں سترہ ارکان کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ہلاک شدگان میں 5 شہری بھی شامل تھے ۔ فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں اس دہشتگرد نیٹ ورک کی حملے کرنے کی صلاحیت متاثر ہو گی۔شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد نے شمالی حلب کے دیہی علاقے میں کرد فورسز کے زیر نفوذ علاقوں پر ترکی کی جانب سے بمباری کی نئی کارروائی کی تصدیق کی ہے ۔