تہران (این این آئی)ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی نے کہا ہے کہ امریکہ کرونا وائرس کیخلاف ناکام ہو گیا ہے ہم اس کی مدد کیلئے حاضر ہیں۔انہوں نے کہا واشنگٹن کی طرف سے ایرانی قوم کی مدد محض جھوٹ اور دھوکہ دہی ہے ، اس کی پیشکش مسترد کرتے ہیں ،ہمیں جعلی امداد نہیں چاہیئے ،امریکہ کو کوئی ضرورت ہو تو ہم تیار ہیں ،امریکہ میں کرونا تیز ی سے پھیل رہا ہے ، انہوں نے کرونا سے متاثرہ علاقوں میں حیاتیاتی دفاعی مشقیں کرنے کا اعلان کیا ۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے امریکہ کی طرف سے کرونا کے خلاف جنگ میں مدد کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کی طرف سے ایرانی قوم کی مدد محض جھوٹ اور دھوکہ دہی ہے ۔ ہمیں امریکہ کی جعلی مدد کی کوئی ضرورت نہیں، تاہم اگر امریکہ کو ہماری مدد کی ضرورت ہو تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی نے تہران میں ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک کوویڈ ۔19 وائرس سے نمٹنے میں امریکیوں کی مدد کرسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں اس وقت کرونا تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے ۔ لگتا ہے کہ امریکی کرونا سے نمٹنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ میں کئی مواقع پر کہہ چکا ہوں کہ اگر کرونا سے لڑنے کے لیے امریکیوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے تو ہم اس کے لیے حاضر ہیں۔ ہم امریکیوں کی کرونا سے نمٹنے میں ہرممکن مدد فراہم کریں گے ۔حسین سلامی نے کرونا سے متاثرہ علاقوں میں حیاتیاتی دفاعی مشقیں کرنے کا اعلان کیا۔