نیویارک( ندیم منظور سلہری سے ) امریکی ایئر فورس کے طیاروں نے دریائے ہڈسن پر مسحورکن مظاہرہ کیاجس نے دیکھنے والوں پر سحر طاری کردیا ۔گزشتہ روز نیویارک میں دریائے ہڈسن پر فضائی مظاہرہ کے مسحور کن مناظر نے دیکھنے والوں کو محظوظ کیا۔ فضا میں طیار وں نے ہر طرف مختلف رنگ بکھیر دئیے ۔ طیاروں کی گھن گرج سے نیویارک کی فضائیں گونج اٹھیں طیاروں کی غیر معمولی پرفارمنس نے دیکھنے والوں پر سحر طاری کر دیا،ہر کوئی دم بخود رہ گیا۔ طیارے رنگ دار دھواں چھوڑتے ہوئے قوس و قزح بناتے رہے ۔لڑاکا طیاروں کے فضائی مظاہرے میں ائیر فورس کے پائیلٹوں نے اپنی مہارت کے جوہر دکھائے ۔پندرہ منٹ پر محیط اس ائیر شو میں فضا کو دیگر طیاروں کے گزرنے کیلئے ممنوع قرار دیا گیا تھا ۔پائیلٹ فضا میں کرتب دکھاتے رہے جبکہ زمین پر شہری انکی اس کاوش کو خراج تحسین پیش کرتے رہے ۔