واشنگٹن،باکو(نیٹ نیوز) امریکی ثالثی بھی ناکام ہو گئی ،آذربائیجان،آرمینیا میں تیسری بارجنگ بندی معاہدہ ختم ہوگیا۔ ٹرمپ نے دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کی تھی ،آذربائیجان نے آرمینیا پر اس خطے کے ایک گاؤں پر گولہ باری کرنے کا الزام لگایا ہے جبکہ آرمینیا کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد آذربائیجان کے حکام نے اپنی متعدد فوجی پوزیشنز سے گولیاں چلا کر خلاف ورزیاں کیں۔ آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین ناگورنو قرہباخ تنازع سے متعلق امریکہ کی ثالثی میں جنگ بندی کا ایک معاہدہ طے پایا تھا اور اس کا اطلاق پیر سے ہونا تھا، لیکن اسی روز اپنی نوعیت کا یہ تیسرا معاہدہ دونوں فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر خلاف ورزی کے الزامات کے بعد ناکام ثابت ہوا ہے۔