نیویارک( نیٹ نیوز) با حجاب سپر ماڈل کا اعزاز رکھنے والی صومالین نژاد امریکی ماڈل 23 سالہ حلیمہ آدن نے اسلام کی خاطر فیشن اور ماڈلنگ سے کناری کشی کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا، حلیمہ آدن اگرچہ صومالیہ میں پیدا ہوئیں تاہم خانہ جنگی کی وجہ سے انہیں اپنا وطن چھوڑنا پڑا تھا اور وہ چند سال تک پڑوسی ملک کینیا کے پناہ گزین کیمپ میں بھی رہی تھیں۔ بعد ازاں وہ امریکہ منتقل ہوگئیں جہاں انہوں نے ریاست مینی سوٹا کے مقابلہ حسن میں بھی حصہ لیا تھا جس میں وہ حجاب کے ساتھ شریک ہوئی تھیں، انہوں نے مقابلہ حسن کے بکنی پہننے والے مقابلے میں مکمل اسلامی لباس پہن کر دنیا بھر میں شہرت حاصل کی تھی،وہ حجاب کے ساتھ ماڈلنگ کرنے والی دنیا کی چند نامور ماڈلز میں سے ایک ہیں۔حلیمہ آدن نے فیشن شوز میں ہمیشہ اپنے دینی عقائد کے مطابق تنگ یا مختصر لباس پہننے کے بجائے مکمل لباس پہنا اور وہ ہر فیشن شو میں حجاب کے ساتھ دکھائی دیں۔ تاہم ساتھ ہی کئی ماڈلز، فیشن و شوبز کی دنیا کی شخصیات نے حلیمہ آدن کی جانب سے ماڈلنگ کو چھوڑنے کے فیصلے کو ان کی پسند قرار دیتے ہوئے ان کے فیصلے کی حمایت بھی کی۔ حلیمہ آدن نے اپنی ٹویٹس میں بتایا کہ انہیں جاگنے میں دیر لگی، تاہم اب وہ جاگ چکی ہیں اور انہوں نے ایمان سے بھرپور اصل حلیمہ آدن کو تلاش کرلیا۔