لندن (نیٹ نیوز) برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن باقاعدہ طور پر شاہی حیثیت سے دستبردار ہو گئے ہیں اور ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے اہم اجلاس کے بعد دونوں کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کی اجازت بھی دیدی ہے ۔ہیری امریکی طلاق یافتہ خاتون سے شادی کے بعد شاہی حیثیت چھوڑنے والے پہلے فرد نہیں ہیں بلکہ ان سے تقریباً ایک صدی قبل 1936 میں شاہی خاندان کے اہم فرد اور اس وقت کے بادشاہ ایڈورڈ ہشتم نے بھی امریکی طلاق یافتہ خاتون سے شادی کے بعد تخت چھوڑا تھا۔ہیری نے طلاق یافتہ امریکی اداکارہ میگھن مرکل سے شادی کی اور شادی کے کچھ عرصہ بعد ہی دونوں شاہی حیثیت سے دستبردار ہو گئے ۔ بادشاہ ایڈورڈ نے بھی ایک طلاق یافتہ امریکی خاتون ویلس سمپسن سے شادی کی وجہ سے تخت چھوڑا تھا، اس شادی پر پارلیمنٹ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد خفا تھے ۔علاوہ ازیں ہیری سے دو ماہ قبل ملکہ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو نے جنسی سکینڈل میں نام آنے کے باعث شاہی عہدوں سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ہیری اور ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا کی شاہی حیثیت بھی اس وقت ختم کر دی گئی تھی جب انکے اور شہزادہ چارلس کے درمیان طلاق ہو گئی تھی۔ملکہ کے شوہر شہزادہ فلپ نے بھی بڑھتی عمر کے باعث شاہی عہدوں سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ملکہ کی واحد بیٹی شہزادی این کو شاہی حیثیت حاصل ہے لیکن انکے بچوں نے شاہی حیثیت لینے سے انکار کر دیا تھا۔