واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان جانتے ہیں کہ انہوں نے بڑی غلطی کی ہے اور اب ان کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ مذاکرات کیسے بحال کیے جائیں؟ امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکی فوجی سمیت 12 افراد کا قتل کوئی اچھا خیال نہیں تھا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ مذاکرات کیلئے زیادہ بہتر راستے موجود ہیں۔امریکی صدر نے یہ پیغام ایک ایسے وقت میں جاری کیا ہے کہ جب 28ستمبر کو طے شدہ پروگرام کے تحت افغانستان میں صدارتی انتخابات ہونے ہیں۔ یہ انتخابات ماضی میں دو مرتبہ ملتوی ہو چکے ہیں۔عالمی سیاسی مبصرین کے مطابق افغان طالبان چونکہ ان صدارتی انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے ہیں اس لئے ان کی ان میں کوئی دلچسپی نہیں ہے جب کہ موجودہ افغان صدر اشرف غنی کی حتی الامکان کوشش ہوگی کہ وہ ایک مرتبہ پھر صدر منتخب ہوجائیں تاکہ آئندہ پانچ سال مزید ان کا اقتدار برقراررہے ۔