اسلام آباد(آن لائن،صباح نیوز)پاکستان نے اپنے دیرینہ دوست ملک ترکی پر امریکہ کی اقتصادی و سفارتی پابندیوں کی مخالفت کردی۔ گزشتہ روزدفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر کسی ملک پر پابندیوں کی حمایت نہیں کرتا،ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہئیں، ترکی عالمی معیشت کااہم رکن اورانجن ہے ۔ پاکستان دوست مسلمان ملک کی حمایت جاری رکھے گا اوراپنے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے انقرہ کے ساتھ کھڑا رہے گا کیونکہ کسی بھی ملک کے خلاف یکطرفہ کارروائی امن و استحکام اور مسائل کو مزید پیچیدہ بناتی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام خوشحالی اور ترقی کیلئے ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر30 بھارتی قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا گیا ہے ، رہائی پانے والے قیدیوں میں 27 بھارتی ماہی گیر بھی شامل ہے ۔