پشاور(ممتاز بنگش) افغان حکومت نے اپنے سیاست دانوں کو تاحکم ثانی پاکستان آنے سے منع کر دیا اور کہا ہے کہ جب تک حکومت کی جانب سے فیصلہ نہیں ہوتا کوئی سیاستدان پاکستان نہ جائے ، سابق صدر حامد کرزئی نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ہے ، حکومت پاکستان نے افغانستان میں امن کے قیام کیلئے 17جولائی تا 19 جولائی کو ایک کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس کانفرنس میں شمولیت کے لئے دیگر سٹیک ہولڈرز کی طرح افغانستان کے سیاستدانوں کو بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے 13جولائی کو دعوت نامے بھیجے گئے ، حامد کرزئی نے کانفرنس کو امن کے قیام کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا ، تاہم افغان حکومت نے سیاستدانوں کو اس میں شرکت نہ کرنے کے لئے کہا ہے ، گو افغان حکومت نے واضح طور پر کانفرنس میں عدم شرکت کا نہیں کہا تاہم سیاستدانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فی الحال پاکستان نہ جائیں ، اس بات کی تصدیق افغان ذرائع ابلاغ نے بھی کی ، شمشاد ٹی وی نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے پہلے سے اہم سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا تھا تاہم افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال اور ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی سپن بولدک سمیت کئی دوسرے اہم مقامات پر قبضہ کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ کوئی افغان سیاستدان پاکستان نہیں آئے گا ۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کی حکومت نے تاحال شمولیت یا عدم شمولیت سے آگاہ نہیں کیا ۔