سٹاک ہوم (نیٹ نیوز) دنیا کا سب سے معتبر ایوارڈ دینے والی سویڈن کی سویڈش اکیڈمی آف نوبل پرائز نے جنگ عظیم دوئم کے بعد پہلی مرتبہ ایک ساتھ ادب کے 2 نوبل انعامات کا اعلان کردیا، نوبل پرائز کمیٹی ہر سال 6 شعبہ جات میں نوبل انعامات کا اعلان اکتوبر میں کرتی ہے اور انعام جیتنے والے افراد کو ہر سال دسمبر میں انعامات دیے جاتے ہیں، تاہم نوبل پرائز کمیٹی نے گزشتہ برس ادب کے نوبل انعام کا اعلان نہیں کیا تھا ، گزشتہ برس نوبل انعام دینے والی ادب کی کمیٹی میں جنسی ہراسگی کا سکینڈل سامنے آیا تھا جس پر ادب کی کمیٹی کے ججز یا ارکان نے استعفیٰ بھی دیا تھا۔ کمیٹی کے مطابق سال 2018 کا ادب کا نوبل پولینڈ کی خاتون لکھاری و ناول نگار 57 سالہ اولگا توکارزک جب کہ 2019 کا ادب کا نوبل انعام آسٹریا کے ناول نگار و لکھاری 76 سالہ پیٹر ہینڈکے کو دیا جائے گا۔ دونوں ناول نگار و ادیبوں کو ان کی ادبی خدمات، اچھوتے خیالات اور آسان زبان میں اظہار خیال کی وجہ سے ادب کا نوبل انعام دیا جا رہا ہے ۔ نوبل پرائز فاؤنڈیشن نے رواں برس کے نوبل انعامات کے اعلانات کا آغاز رواں ماہ 7 اکتوبر سے شروع کیا تھا اور اب تک کمیٹی 4 کیٹیگریز کے انعامات کا اعلان کر چکی ہے ۔