اسلام آباد ( نیوزایجنسیاں ) صدر مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو پوری طاقت سے جواب دیں گے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گزشتہ روز ترک میڈیا کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا جنگی جنون میں مبتلا بھارتی لیڈر شپ ہندوتوا کو عام کر رہی ہے ۔ بھارت میں اقلیتوں کو دیوار کیساتھ لگایا جا رہا ہے ۔ بھارت کی جارح قیادت کا ہاتھ نیوکلیئر بٹن پر ہے جو ہندو بالادستی کے نظریے پر چلتے ہوئے اقلیتوں پر ظلم ڈھا رہی ہے ۔ یہ نہ صرف علاقائی و عالمی امن بلکہ بھارت کے اپنے معاشرے کیلئے خطرہ بن گئی ہے ۔ لوگوں کو طاقت کے زور پر نہیں دبایا جا سکتا، بھارت بھی گزشتہ سات دہائیوں کی طرح کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے میں ناکام رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا آج بھارت میں اقلیتیں مسلسل خوف کا شکار ہیں۔موجودہ بھارتی حکومت کی انتہا پسندانہ اور فسطائیت پر مبنی پالیسیاں ہٹلر اور مسولینی جیسی ہیں۔ ان کا کہنا تھا بھارتی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہے ۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو پوری طاقت سے جواب دیں گے ۔صدر مملکت نے کہا پاکستان اور ترکی کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے ، ثقافتی، تہذیبی اور عوامی رابطوں و مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ترکی کے عوام اور حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مسلسل حمایت پر شکر گزار ہے اور ترکی کے مفاد کے امور پر ترک حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔