لاہور(کلچرل رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین فواد عالم نے اپنی ویب سیریز کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پْرامید ہیں کہ کرکٹ کی طرح اداکاری کے میدان میں بھی پسند کیے جائیں گے ۔ فواد عالم نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اپنی آنے والی ویب سیریز کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ میں اردو فلکس کی ویب سیریز ’’خودکش محبت‘‘ سے ادکاری کی دنیا میں ڈیبیو کرنے کے اعلان پر انتہائی خوش ہوں۔کرکٹر فواد عالم نے لکھا کہ وہ پْرامید ہیں کہ ان کی اداکاری کو بھی ویسے ہی پسند کیا جائے گا جیسے کرکٹ کے میدانوں میں اْن کی کارکردگی کو سراہا جاتا ہے ۔انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مداحوں کی دعائیں اور سپورٹ میرے لئے بہت اہمیت رکھتی ہیں۔