لاہور/راولا کوٹ (سٹاف رپورٹر،نمائندہ 92 نیوز ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے حکمران جہاد کا اعلان کریں ورنہ ہم خود جہاد کا اعلان کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم ماؤں اور بہنوں کی مدد کو پہنچیں گے دنیا کی بہترین فوج اور اسلحہ کے باوجود آج اسلام آباد میں قبرستان کی خاموشی ہے ۔راولا کوٹ سٹیڈیم میں جہاد کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم بھارت دودوہاتھ کرنے کو تیار ہے مگر اسلام آباد میں بیٹھا سلطان ٹیپو تیار نہیں ۔یہ اللہ کا عذاب ہے کہ حکومت دشمن سے نہیں لڑتی مگر اسے ڈینگی مچھر سے لڑنا پڑرہا ہے ۔ہم مانتے ہیں کہ جہاد کا اعلان ریاست کو کرنا چاہئے لیکن اگر ریاست جہاد کیلئے تیارہی نہ ہو اور مدینہ اور مکہ کی بجائے واشنگٹن کی طرف دیکھ رہی ہوتو علما بتائیں کہ قوم کیا کرے ۔ہے ، ہم 24اکتوبر تک انتظار کریں گے اگر حکمرانوں نے قوم کو کوئی لائحہ عمل نہ دیا تو پھر ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہوگا فتح یا شہادت۔اگر ہم نے یہ لڑائی سری نگر میں نہ لڑی تو پھر اسلام آباد اور مظفر آباد میں لڑنی پڑے گی ۔اب ہمیں اخلاقی ،سیاسی یا سفارتی مدد کی ضرورت نہیں ۔ہانہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ٹیپو سلطان بننا چاہتا ہے مگر اس کیلئے امریکہ کے صدر ٹرمپ سے اجازت کا طلب گار ہے ۔ حکمرانوں کو منافقت چھوڑنا ہوگی ۔کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود ،عبدالرشید ترابی ،سردار اعجاز افضل اور زبیر احمد گوندل نے بھی خطاب کیا۔