میری عمر 32 سال ہے اور میں اپنے چہرے پر اور خاص طور پر آنکھوں کے گرد نمودار ہونے والی جھریوں سے بہت پریشان ہوں۔ میں اچھی طرح سے جانتی ہوں کہ عمر بڑھنے پر جھریاں آہی جاتی ہیں لیکن میرے خیال میں یہ اس سے زیادہ ہیں جو اس عمر میں بالعموم آ جاتی ہیں۔ بتائیے کہ مجھے کیا کرنا چاہئے؟(فضیلہ فیصل‘ کراچی)

بڑھتی عمر  اور جھریاںجنیز اور ماحولیاتی عوامل‘ دونوں کی پیداوار ہیں۔سورج کی روشنی میں موجود بالائے بنفشی شعاعوں  کے علاوہ دھوئیں اور صنعتی کیمیکلز کے پیدا کردہ فری ریڈیکلزجلد پر بڑھتی عمر کے اثرات لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مزیدبرآں ہمارے میٹابولزم (مالیکیولوں کی ٹوٹ پھوٹ جس سے توانائی پیدا ہوتی ہے ) سمیت کئی اور عوامل بھی اس کا نتیجہ ہوسکتے ہیں۔

الٹراوائلٹ شعاعوں سے بچنے کے لئے سن سکرین کا استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہئے کہ اس کے زیادہ استعمال سے ہماری جلد میں وٹامن ڈی کی پیداوارکم ہو سکتی ہے۔عمر کے جس حصے میں آپ ہیں‘ اس میں اگر آپ سن سکرین کا استعمال شروع کرتی ہیں تو بھی آپ کی جلد پر عمر رسیدگی کے جو اثرات ظاہر ہو چکے‘ وہ کم نہیں ہوں گے۔

جلد پر بڑھتی عمر کے آثار روکنے کے لئے بازار میں مختلف مصنوعات دستیاب ہیں جن کے بنیادی اجزاء میںاینٹی آکسیڈنٹس شامل ہوتے ہیں۔لوگ انہیں بڑے شوق سے خریدتے ہیں لیکن وہ کچھ زیادہ موثر ثابت نہیں ہوتیں۔ اس کی بجائے آپ کو چاہئے کہ ایسی غذائیں کھائیں جن میں اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہوں۔آپ انہیں گولیوں کی شکل میں بھی لے سکتی ہیں اور بازار میں ایسی غذائیں بھی دستیاب ہیں جن میں یہ پائے جاتے ہیں۔اینٹی آکسی ڈینٹس سے بھرپور غذائیں عام طور پر گہری رنگت والی ہوتی ہیںجو جسم میں فری ریڈیکلز بننے سے روکتی ہیں۔ ان میں پالک ،چقندر ، سرخ انگور، انار اور چیری وغیرہ شامل ہیں۔