لاہور( احتشام الحق) سری لنکا نے تیسرے ٹی20 میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کردیا۔ آئی لینڈرز کے ہاتھوں قومی ٹیم کو پہلی مرتبہ کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی20 میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے جیتا اور پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان کے محمد عامر نے 18 رنز پر ہی پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی جس کے بعد عماد وسیم نے سمارا وکرما کو 28 رنز پر آؤٹ کردیا۔محمد عامر نے جلد ہی ایک اور وکٹ دلائی اور 30 کے سکور پر تیسری وکٹ گرا کر سری لنکا کے لیے مشکلات کھڑی کیں، پریرا نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن سرفراز احمد اور افتحار احمد کے گٹھ جوڑ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا تاہم فرنینڈو نے ٹیم کو اس مشکل سے نکال لیا۔ پہلا میچ کھیلنے والے اوشادا فرنینڈو کی ناقابل شکست 3 چھکوں اور 8 چوکوں سے مزین 78 رنز کی اننگز کی بدولت سری لنکن ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بائولر رہے ۔جواب میں پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی اور سری لنکا نے میچ میں 13 رنز سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں3-0سے کلین سویپ مکمل کر لیا۔فخر زمان صفر، بابر27، حارث سہیل52، سرفراز17، عماد3، آصف ایک، افتخار احمد اور وہاب ریاض بالترتیب17 اور12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کے ڈی سلوا نے3 آؤٹ کئے۔ہاسارنگے مین آف دی میچ کے علاوہ مین آف دی سیریز بھی قرارپائے۔