لاہور،فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،خصوصی رپورٹر) اے این ایف کی 5رکنی تحقیقاتی ٹیم نے منشیات کیس میں گرفتار راناثنااﷲ اوردیگرملزمان سے پوچھ گچھ کی، 14 روز ہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انکو آ ج پھر عدالت میں پیش کیا جا ئیگا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق راناثنااﷲ اوردیگرملزمان سے تفتیش ڈسٹرکٹ جیل لاہورمیں متعلقہ عدالت سے اجازت کے بعد کی گئی۔ذرائع کے مطابق راناثنااﷲ نے اے این ایف کی تحقیقاتی ٹیم سے عدم تعاون کیا اورمتعددسوالات کے جوابات نہ دیئے ۔دوسری جانب اینٹی نارکوٹیکس فورس نے سابق صو بائی وزیراور ان کے ساتھیوں کا مجر مانہ ریکارڈ اکٹھا کر لیا جسے مقدمے کا حصہ بنایا جائیگا۔را نا ثناء اﷲ کے خلاف اینٹی نارکوٹیکس فورس لا ہور میں درج مقدمہ کی تفتیشی ٹیم کے سر براہ سید سجاد حیدر نے آئی جی پنجاب کو بھجوائے جا نے والے مراسلہ میں کہا تھا کہ سابق صوبائی وزیر قانون اور انکے ساتھیوں پرتاب نگر کے رہائشی محمد اکرم ، محلہ خان پور کے رہائشی عمر فاروق،ڈی ٹائپ کالونی کے رہائشی عثمان احمد ،نثار کالونی کے رہائشی امین رستم اور دیگر کی طرف سے فیصل آباد سمیت صو بہ بھر کے تھانہ جات میں درج مقد مات اور دیگر تفصیلات بھجوائی جا ئیں جس کے بعد گذشتہ روز ضلعی پولیس کے سربراہ نے تمام تر تفصیلات آ ئی جی پنجاب کو بھجوادی ہیں۔ اینٹی نارکوٹیکس فورس معلومات کو را نا ثناء اﷲ اور ساتھیوں کے خلاف اینٹی نارکوٹیکس فورس کی عدالت میں انکے جرائم پیشہ ہو نے کے حوالہ سے مقدمہ کا حصہ بنائے گی۔