اسلام آباد( خبر نگار خصوصی )ملک کے تمام مسالک کے علماء کرام نے مطالبہ کیاہے کہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کو پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے اور اس کو قانونی شکل دی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے فرقہ وارانہ واقعات کی روک تھام ہو سکے ۔ وفاقی وزیرپیرنورالحق قادری نے کہاہے کہ شیعہ اورسنی قائدین فساداورفرقہ واریت پھیلانے والوں سے لاتعلقی اوربیزاری کااعلان کریں ،مجالس محافل اور سوشل میڈیا پر تشدد کی لہر آگئی ہے ،پاکستان کی ریاست کسی کوبدمعاشی نہیں کرنے دیگی ، انتشار اور تفرقہ بازی کی کوششیں ناکام بنائینگے ۔وہ مجلس علما پاکستان کے زیر اہتمام پریس کلب اسلام آباد میں’’پیغام امن کانفرنس ‘‘سے خطاب کر رہے تھے ۔ کانفرنس مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد ،خطیب بادشاہی مسجد لاہور کی صدارت میںہوئی ۔ پیر نقیب الرحمن ،علامہ عارف حسین واحدی ، مولانا فضل الرحمن خلیل ، پروفیسر سیدعبدالغفار شاہ بخاری ،مولانا شمس الحق، علامہ سجادحسین نقوی،مولاناتنویراحمدعلوی ،مفتی اسلم ضیائی ،مولاناعبدالعزیز،مولانا عمر فاروق ،مولانا عابد،صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد،صاحبزادہ حافظ سید عبد الرازق آزاد و دیگر شریک ہوئے ۔مولاناعبدالخبیرآزادنے مشترکہ ا علامیہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ ناموس رسا لت مآب صلی اللہ علیہ وسلم ،خلفائے راشدین،امہات المومنین،حضرات صحابہ کرام و اہل بیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عزت و ناموس ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے اور ان کا تقدس و تحفظ ہمارا ایمان ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے اتحاد و امن کیلئے اور دفاع پاکستان کیلئے علما اور عوام اور تمام طبقے افواج پاکستان اور حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔