اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صاف شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کو اپنے مستقبل کا موقع دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں، کسی ملک کی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ عوام کرتے ہیں۔گزشتہ روزبنی گالہ میں تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب میں انہوں نے مزید کہاکہ سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کو قبول کیا گیا تو آئندہ کوئی سربراہ حکومت بیرونی دباؤ کا سامنا کرنے کی جسارت نہیں کریگا۔پوری قوم اپنی آزادی و خود مختاری کیلئے یکجا اور متحرک ہے ۔ پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کا اعلان 21 اپریل کو مینارپاکستان کے تاریخی مقام سے کرینگے ۔ عمران خان آج رات سوشل میڈیا پر قوم سے براہ راست گفتگو کرینگے ۔اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا، 21 اپریل کو مینار پاکستان پر جلسہ کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔پارٹی رہنمائوں حماد اظہر، منزہ حسن، عثمان ڈار اور فرخ حبیب کی جانب سے تاریخی جلسہ سے قبل بڑی ریلیوں کے انعقاد پر بریفنگ دی گئی ۔ عمران خان نے اس موقع پر ذمہ داران کو قافلوں کے ہمراہ بروقت جلسہ گاہ پہنچنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں ۔قبل ازیں عمران خان نے ’’خودار جوان خودار پاکستان‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔ عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں ’’خودار جوان خودار پاکستان‘‘ مہم شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔عمران خان نے کہا کہ خودار پاکستان کی جنگ خودار نوجوانوں کی مدد سے لڑیں گے ، نوجوان میری تحریک کا کلیدی حصہ ہونگے ، نوجوانوں باشعور ہیں اور اچھے برے میں فرق سمجھ چکے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ مہم کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کیلئے کنونشنز کا انعقاد ہو گا، نوجوانوں کو پارٹی کی فیصلہ سازی میں شامل کیا جائیگا۔علاوہ ازیں عمران خان نے ویڈیوپیغام میں کہا کہ مینار پاکستان پرملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کررہاہوں۔مینار پاکستان پر ہی 1940 میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی، ہندوستان میں رہنے والے مسلمانوں نے آزاد ملک کا انتخاب کیا تھاجس کانام پاکستان ہے ،آپ سب کو اسی جگہ پر اپنی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کیلئے بلا رہا ہوں،بیرونی سازش کے ذریعے ہم لوگوں پر اپنے کرپٹ غلاموں کو مسلط کیا جا رہا ہے ،ہر وہ پاکستانی جو خودمختار پاکستان دیکھنا چاہتا ہے وہ اس جلسہ میں شرکت کرے ،سب پاکستانیوں کواس جدوجہدمیں شرکت کی دعوت دیتاہوں،طلبہ، کسان، سروس مین، رکشے والے اور عورتیں و بچے سب جلسہ میں شرکت کریں۔