اسلام آباد(نامہ نگار)عام انتخابات 2018 میں 16 لاکھ 78 ہزار ووٹ مسترد ہوئے ، فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک نے عام انتخابات میں مسترد ووٹوں کی تفصیلات جاری کردیں۔فافن رپورٹ کے مطابق عام انتخابات میں خیبرپختونخوا اور فاٹا میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 941 ہے جو 2013 میں ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد تھی۔اسلام آبادمیں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 4 ہزار 942 ہے جو 2013 میں 2 ہزار سے زائد تھی۔پنجاب میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 9 لاکھ 6 ہزار 952 ہے جو گزشتہ انتخابات میں ساڑھے 8 لاکھ سے زائد تھی۔سندھ میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 4 لاکھ 8 ہزار 613 ہے جو گزشتہ انتخابات میں پونے 4 لاکھ سے زائد تھی۔اس کے علاوہ بلوچستان میں عام انتخابات 2018 میں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد ہے جو گزشتہ انتخابات میں 77 ہزار سے زائد تھی۔فافن رپورٹ کے مطابق 2002 کے عام انتخابات میں مسترد ووٹوں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار 720، 2008 میں 9 لاکھ 73 ہزار 694 اور 2013 کے انتخابات میں 15 لاکھ 2 ہزار 717 تھی ۔