اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی ،سپیشل رپورٹر) الیکشن کمیشن نے پیمرا سے سیاسی پارٹیوں کی رات 12بجے کی ڈیڈلائن کے برخلاف تشہیری پروگرام /نشرِمکرر نشر ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شدہ ہدایت نامہ کی رُو سے 23جولائی 2018ئکو رات 12بجے کے بعد کسی بھی طرح کی سیاسی سرگرمیوں کی براہِ راست نشریات یا ریکارڈنگ اور اشتہارات پر پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی ۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کے انتخابی اشتہارات شائع ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بابر اعوان نے کہاہے کہ مہلت ختم ہونے کے باوجودن لیگ کی انتخابی مہم جاری ہے اور قومی اخبارات میں ایک صفحے کا اشتہار چھاپ کر انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاںاڑائی گئی ہیں۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے آزاد امیدوار پی پی 215ملتان سلیمان نعیم کی جانب سے انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد کارنر میٹنگ منعقد کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے مانیٹرنگ ا فسر سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔