لاہور؍ اسلام آباد؍ کراچی(سٹاف رپورٹر؍وقائع نگار؍ خبر نگار خصوصی؍خصوصی نیوز رپورٹر؍سپیشل رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک) سینٹ انتخابات کیلئے انتخابی مہم ختم ہوگئی، کل پولنگ ہوگی جبکہ جوڑتوڑ عروج پر پہنچ چکا ہے ۔وزیراعظم سے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا،عامر ڈوگر، نورالحق قادری، اسلم بھوتانی، ساجد خان، گل ظفر، گل داد خان ، امجد علی نیازی ،ملک غلام حیدر، عظمیٰ جدون، شاندانہ گلزار اور نفیسہ خٹک نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چودھری سرور وزیر اعظم سے ملے ۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو پنجاب سے ارکان قومی اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے کہا عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے ،سینٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کرینگے ۔ ملاقات کے بعد اسلم بھوتانی نے حکومت کی حمایت کا اعلان کیا۔ حفیظ شیخ نے اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔حفیظ شیخ نے کراچی میں ایم کیو کیو کے مرکز کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا،چاہتے ہیں کہ سینٹ الیکشن میں خریدو فروخت نہ ہو۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق نے کہا ہم حکومت کیساتھ کھڑے ہیں، حکومتی امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے ۔تحریک انصا ف سنٹرل پنجاب کے صدر، نو منتخب سینیٹر اعجاز چودھری نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم سے ملاقات کی اور سینٹ الیکشن میں تعاون کی اپیل جس پر جماعت اسلامی نے انکار کردیا، امیر العظیم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہماری ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے ، سندھ اور قومی اسمبلی میں ہم غیرحاضر رہیں گے ۔محمد علی درانی نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی۔ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کی پیشکش مسترد کردی، خواتین کی نشست پر تحریک انصاف ایم کیو ایم اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ایم کیو ایم تحریک انصاف کو سپورٹ کرے گی۔وسیم اختر نے کہا سینٹ انتخابات میں تحریک انصاف اور متحدہ مشترکہ طور پر ساتھ حصہ لے رہے ہیں،پی پی پی کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے پی پی کے شریک چیئرمین آصف زردری اور یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی۔یوسف رضا گیلانی نے سینئر قیادت کو ارکان قومی اسمبلی کے رابطوں اور سینٹ میں متوقع کامیابی پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا ہمارے ہوم ورک کے مطابق مجھے 190 سے لیکر 200 ووٹ ملیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے آصف زرداری اور پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ 3 مارچ کو پی ڈی ایم جماعتوں کے تمام ایم این ایز ووٹ ڈالیں ۔ بلاول بھٹو زرداری نے میرپورخاص سے آزاد رکن قومی اسمبلی سید علی نواز شاہ سے ملاقات کی۔یوسف رضا گیلانی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کو سندھ ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا جس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کے اہم رہنما شریک ہوئے ۔ علاوہ ازیں یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سمیت ارکان قومی اسمبلی کو خط لکھ کر سینٹ الیکشن کیلئے ووٹ مانگ لیا۔یوسف رضا گیلانی نے خط میں کہاارکان قومی اسمبلی 3 مارچ کے سینٹ الیکشن میں مجھے ووٹ دیں، آج کئے گئے فیصلے مستقبل کی سمت طے کریں گے ۔انہوں نے خط میں کہا امید ہے 3 مارچ کو میری زندگی اور کردار کو مدنظر رکھ کر ارکان فیصلہ کریں گے ۔ مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز پی پی کے عشائیے میں شرکت کیلئے ا ٓج اسلام آبادروانہ ہونگے ۔پیپلزپارٹی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے تحت صدر اور گورنرز سینٹ الیکشن مہم نہیں چلا سکتے ، چاروں صوبائی گورنرز ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، الیکشن کمیشن خلاف ورزی کرنے پر نوٹس لے ۔کمیشن کے نوٹس پر گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان سے تمام ارکان صوبائی اسمبلی کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی۔سندھ میں 2پارلیمانی جماعتوں کے ارکان کیلئے کراچی کا نجی ہوٹل بک کرلیا گیا،ارکان کو ممکنہ خدشات کے پیش نظر محفوظ مقام پر ٹھہرایا جائیگا،اپوزیشن ارکان سندھ اسمبلی کو ایک ساتھ 3 مارچ کو اسمبلی لایا جائیگا۔ تحریک انصاف کے ملیر کراچی سے منتخب رکن سندھ اسمبلی کریم بخش گبول نے سینٹ الیکشن میں ووٹ نہ کاسٹ کرنے کا اعلان کردیا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاتحریک انصاف حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ، ایسے لوگوں کوووٹ نہیں دے سکتا جو پیسے دے کرٹکٹ خریدتے ہیں۔رکن سندھ اسمبلی شہریارشر نے بھی پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کوووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا۔ تحریک انصاف کے ایک اورناراض رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو نے کہا کہ مجھے کسی نے ا غوا نہیں کیا، کراچی میں گھوم پھررہاہوں ،آئین کہتا ہے کہ اپنی مرضی سے ووٹ دو۔تحریک انصاف سندھ کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمارے 3 ارکان اسمبلی کو اغوا کرلیا گیا ،سندھ حکومت طاقت کا استعمال کررہی ہے ،کریم بخش گبول کا زبر دستی ویڈیو پیغام ریکارڈ کروایا گیا۔سندھ میں تحریک لبیک نے جنرل ، خواتین نشستوں پر ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،صرف ٹیکنو کریٹ نشست پر تحریک لبیک کے امیدوار کو ووٹ دینگے ۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی بھی بلوچستان میں سینٹ الیکشن کے حوالے سے محترک ہوگئے ، جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری اور تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند ، بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔