لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے انتخابی فہرستوں میں مرد و خواتین ووٹرز میں فرق کو کم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے حوالہ سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تما م اہل ووٹرز کا درست اندراج او ر مستند فہرستوں کی تیاری پہلا مرحلہ شروع کر دیا ہے ۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت موجود ہ انتخابی فہرستوں میں مردو خواتین ووٹرز کے مابین ایک کروڑ 27لاکھ کا فرق ہے ، اس صنفی فرق کو ختم کرنا الیکشن کمیشن سمیت تمام متعلقہ تمام اداروں کی ذمہ داری ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر افیئر ز نگہت صدیق نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ تربیت کے اختتام پر صوبائی الیکشن کمشنر نے تمام شرکا کو اسناد تقسیم کئے ۔ اس پراجیکٹ کے لئے پنجاب کے 6اضلاع کے علاقوں کا انتخاب کیا گیا جہاں صنفی فرق زیادہ ہے ، ان میں سرگودھا کی تحصیل بھیرہ، فیصل آبادمیں تاندلیانوالہ، شیخوپورہ میں صفدرآباد، بہاولنگر میں فورٹ عباس، ڈیرہ غازی خان میں کوہِ سلیمان اور رحیم یار خان میں صادق آباد کے علاقے شامل ہیں۔