لاہور(قاضی ندیم اقبال)وزیر اعظم عمران خان کے دورہ لاہور سے قبل چیف سیکرٹری پنجاب نے انتہائی اہم اقدام اٹھالیا۔حکومت پنجاب کی جانب سے انتظامی سیکرٹریز کو ملازمین کے تبادلوں اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کے حوالے سے کمشنرز کی ایڈوائس پر 24گھنٹے میں عمل درآمد کا پابند بنادیا گیا۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان اور آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر کی ملاقات کے بعدکمشنرز کا با اختیار بنا کر منتخب اراکین اسمبلی کی تعظیم یقینی بنانے ، ضلع اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر عوام مسائل کے حل کے لئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن کے مطابق ڈویژنل کمشنرز کی جانب سے جس ملازم یا آفیسر کو تبدیل کرنے کی سفارش انتظامی سیکرٹریز کو کی جائے گی، متعلقہ محکمہ اس پر 24گھنٹوں میں عمل درآمد کرنے کا پابند ہو گا جبکہ جس سرکاری ملازم یا آفیسر کے خلاف محکمانہ قواعد کے مطابق کارروائی کی سفارش کمشنرز آفس سے کی جائے گی ، محکمہ 24گھنٹوں کے اندر اندرمتعلقہ ملازم یا آفیسر کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے کا بھی پابند ہو گا۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے تمام صوبائی انتظامی سیکرٹریز پر واضح کیا گیا ہے کہ صوبائی اداروں، ذیلی اداروں اور خود مختار اداروں کے ایسے ملازمین، جو پنجاب بھر کے اضلاع اور ڈویژنل سطح پر تعینات ہیں، ان کی سالانہ کاکرکردگی رپورٹس (پرسنل ایویلیو ایشن رپورٹس /PERs)متعلقہ محکموں کے مجاز حکام کے بجائے ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز تحریر کیا کریں گے تاکہ مذکورہ تمام ملازمین تحصیل، ضلع اور ڈویژن کی سطح پر جزا و سزا کے معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے حقیقی معنوں میں ڈیلیور کریں۔ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے انتظامی سیکرٹریز کے مزید بیشتر اختیارات ڈویژنل کمشنرز کو سونپنے کے لئے سرکاری اداروں کے سربراہان سے تجاویز طلب کر لی ہیں جو 15یوم میں چیف سیکرٹری کے روبرو پیش کی جائیں گی ۔