فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) اقبال سٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے دوران ہونے والے انتظامی فیصلوں نے اس ایونٹ کو ’’ناقابل فراموش‘‘ بنا دیا۔ سرفراز احمد کو تمام فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹانا سب سے غیر معمولی فیصلہ کہا جاسکتا ہے ۔ اظہر علی کپتانی چھن جانے کے بعد کیریئر کے برے وقت سے دوچار رہے اور اب قسمت کی دیوی ان پر پھر مہربان ہوئی ہے اور وہ ٹیسٹ کپتان بنائے گئے ہیں۔ بابر اعظم اپنی کارکردگی کی بناء پر مختصر فارمیٹ کے قائد بنے ہوئے ہیں۔ گذشتہ کئی سالوں سے اچھی کارکردگی دکھانے کے باوجود وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو بھی سرفراز احمد کی برطرفی کا فائدہ پہنچے گا۔ وہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز میں اب بطور وکٹ کیپر شامل ہونے کے لئے بھی فیورٹ ہیں۔ احمد شہزاد، اویس ضیاء اور آصف علی کو بھی بہتر کارکردگی کا موقع ملا اور وہ ٹیم میں انتخاب کیلئے پرامید ہیں۔