لاہور(نامہ نگار)آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ اور انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے 18 جولائی کو مشترکہ احتجاج کا اعلان کر دیا۔ انجمن تاجران (نعیم میر گروپ) اور انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ ) نے تاجروں کے مسائل اور کاروباری حالات کی زبوں حالی کے خلاف ایک اہم پریس کانفرنس کی جس میں نعیم میر، محمد اشرف بھٹی و دیگر تاجروں نے شرکت کی۔ انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ ہم حکومت کو جگانے جا رہے ہیں ۔ایک دن ہفتہ وار تعطیل کی جائے اور ٹائم رات10 بجے کیا جائے ،ایس او پیز کے مطابق تمام بند کاروبار کھولے جائیں۔ تاجروں کو بلا سود قرضے دئیے جائیں، 18 جولائی کو ٹھوکر نیاز بیگ پر صبح نو بجے اکٹھے ہوں گے اور وہاں سے کارواں اسلام آباد جائے گا۔انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی تب شروع ہو گی جب سینما تھیٹر کھلیں گے ۔ انجمن تاجران (اشرف بھٹی گروپ) کے صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر ہمارے مسائل حل نا ہوئے تو ہم اکھٹے ہوکر فیصلہ کریں گے اس پر عمل کریں گے ۔ پاکستان کی اکانومی پوری دنیا سے نیچے بیٹھ گئی ہے ، ہمارے پاس سیل مینوں کو دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں، پیٹرول اور سونے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نا لیے تو اگلا لائحہ عمل اسلام آباد میں ہی طے ہو گا۔ پریس کانفرنس میں تاجر برادری کی جانب سے ہارن بجا کر احتجاج کا اظہار کیا گیا۔