کراچی (کلچرل رپورٹر) پاکستان کے 72 ویں یومِ آزادی کے موقع پر انجمن ترقی اردو پاکستان ’’اردو باغ‘‘ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جشنِ آزادی کا استقبال صدرِ انجمن واجد جواد نے پرچم کشائی سے کیا اور تقریب میں شامل تمام معزز مہمانوں، بچوں اور شرکا نے مل کر قومی ترانہ پڑھا اور ملک کی سلامتی اور کشمیر کے لیے دعا کی گئی۔ اردو باغ کی خوب صورت عمارت کو پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔ اس کے بعد اردو باغ کے وسیع احاطے میں معزز مہمانوں، اراکینِ مجلسِ نظما اور عاملینِ انجمن نے پودے لگائے ۔ پہلا پودا مرحوم حمایت علی شاعر کے نام کی تختی کے ساتھ صدرِ انجمن نے حمایت علی شاعر کے صاحب زادے اوجِ کمال کے ساتھ لگایا جن کا گزشتہ دنوں کینیڈا میں انتقال ہوگیاتھا۔سیّد عابد رضوی مشیرِ مالیات و خازن اعزازی نے مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ شرکا میں انجمن کے مشیرِ مالیات و خازن سیّد عابد رضوی، معتمد اعزازی زاہدہ حنا، ڈاکٹر فاطمہ حسن، فریدہ (امریکا)، سیّد علی خرم، محمد مختار علی، محمد جمال محسن، افسر علی افسر، ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی اور دیگر مہمان شامل تھے ۔ صدرِ انجمن نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا جشنِ آزادی اپنی قومی زبان کے ساتھ باوقار انداز میں مناتی ہیں اور آج یومِ پاکستان کے پُرمسرت موقعہ پر اردو باغ میں خواتین، نوجوانوں اور بچوں کی قومی لباس میں موجودگی اور شجرکاری میں اُن کی دلچسپی خوش آئند ہے ۔