لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )ضلعی انتظامیہ لاہور نے ٹاسک فورس برائے انسداد تمباکو نوشی کے ساتھ ملکر موبائل ایپ کا افتتاح کر دیا ہے ۔ عوام الناس عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کرنے والوں کی شکایات ایپ پر درج کرا سکیں گے اور کھلا سگریٹ کی فروخت، 18 سال سی کم عمر بچوں کو سگریٹ کی فروخت کی شکایات بھی درج کروائی جا سکے گی۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ٹریفک، ریلوے ، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ ایکسائز، فوڈ اتھارٹی، ٹرانسپورٹ، چیمبر آف کامرس اور انفارمیشن کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ لاہور کو تمباکو نوشی سے پاک کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی ایک جرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر سگریٹ پینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈی سی مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ہر سال ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد تمباکو نوشی کے بعد ہلاک ہو جاتے ہیں اور ہر روز تمباکو نوشی کی وجہ سے 05 ہزار افراد ہسپتال میں داخل ہوتے ہیں۔ 6 سے 15 سال کی عمر کے درمیان روزانہ 1200 بچے سگریٹ نوشی کرتے ہیں اور 39 فیصد لوگ دوسرے اشخاص کے سگریٹ پینے کی وجہ سے متاثر ہوتے ہیں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ہر پانچ میں سے دو بچے دس سال کی عمر سے پہلے سگریٹ پیتے ہیں۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر تمباکو کنٹرول پروگرام ڈاکٹر منہاج السراج اور پراجیکٹ مینجر آفتاب احمد نے بھی ڈی سی کو بریفنگ دی۔