لاہور( حافظ فیض احمد) ریلوے حکام نے کراچی سے اندرون ملک کیلئے مزید5نئی مال بردار ٹرینیں چلانے کا پلان تیار کر لیا جو فیصل آباد ڈرائی پورٹ، مغل پورہ لاہور ڈرائی پورٹ اور دیگر علاقوں کے لئے چلائی جائیں گی جس سے ریلوے کی آمدنی میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گا، علاوہ ازیں ٹرینوں کی سیفٹی کے ساتھ حادثات سے بچاؤاور ریلوے ملازمین کی حفاظت کے لئے بھی اقدامات کرنے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ریلوے افسروں کو فیلڈ میں جا کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مسافروں کو دوران سفر بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں اسی طرح چیئر مین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی نے کراچی ڈویژن کا دورہ مکمل کرنے کے بعد انسپکشن کوچ میں بیٹھ کر کراچی تا سکھر ریلوے سیکشن کی انسپکشن کی اور انہوں نے ریلوے ٹرین، سگنل، ریلوے سٹیشنوں کا سروے کیا اور موقع پر احکامات جاری کئے ، انسپکشن کے دوران قائم مقام سی ای او ر ریلویز دوست علی لغاری، ایڈیشنل جزل منیجرز، چیف انجینئر اوپن لائن، چیف انجینئر سگنل، ڈی ایس کراچی، ڈی ایس سکھر ریلوے دویژن سمیت دیگر اعلی افسر بھی ان کے ساتھ تھے ، ذرائع کے مطابق چیئر مین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی کی سربراہی میں کراچی میں ہونے والی سیفٹی کانفرنس میں اہم فیصلے کئے گے جس میں کراچی سے اندرون ملک کیلئے مزید5نئی ٹرینیں چلانے کے لئے پلان کی منظوری دی گئی تاکہ ریلوے کی آمدنی میں مزید اضافہ کیا جا سکے اور اس حوالے سے ریلوے کے شعبہ مارکیٹنگ اور دیگر متعلقہ افسروں سے کہا گیا کہ وہ فریٹ ٹرینوں کیلئے ملٹی نیشنل کمپنیوں سمیت سرکاری اداروں اور پرائیویٹ کمپنیوں سے رابطے کر کے زیادہ سے زیادہ بزنس حاصل کریں اور محکمے کا خسارہ کم کرنے کے لئے غیر ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق ریلوے کی آمدنی بڑھانے کے لئے فریٹ سیکٹر کو فوکس کیا گیا ہے جس کے لئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی بعض افسروں کی ریلوے ہیڈ کوارٹرز سے کراچی ڈویژن میں ڈیوٹیاں لگا دی ہیں جس کے تحت ریلوے افسر مرحلہ وار کراچی ڈویژن میں اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں۔ منصوبہ تیار