لاہور(قاضی ندیم اقبال)وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی ہدایت پرانرجی بحران سے نمٹنے کیلئے وفاقی اداروں اور صوبوں کو گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں، ائیر کنڈیشنر صبح11بجے سے قبل نہ چلانے ، دفاتر میں بجلی کے ہیٹرز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایات پر وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں، وفاقی سیکرٹریز، کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ ، بلوچستان، گلگت بلتستان، اور ریاست آزاد جموں و کشمیرکے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی ترجیحات کی روشنی میں انرجی کنزرویشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ اس ضمن میں اداروں میں فوکل پرسن تعینات کئے جائیں جو اس امر کو یقینی بنائیں کہ کسی طور پر بھی دفاتر میں ائیر کنڈیشنر صبح11بجے سے قبل نہیں چلائے جائیں گے ۔افسر کی عدم موجودگی میں دفاتر کی لائٹس، پنکھے اور ائیر کنڈیشنر ہر صورت بند رہیں گے ۔کسی طور پر بھی دفاتر میں بجلی سے چلنے والے ہیٹرز کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو شفاف بنانے کے لئے ان کی لاگ بکس اپ ڈیٹ رکھی جائیں۔وفاقی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں دفاتر کی سرپرائز چیکنگ کا عمل یقینی بنایا جائے اور جہاں بھی حکومتی ترجیحات کے برعکس اقدامات دکھائی دیں، اس میں ملوث ملازمین اور افسروں کے خلاف کارروائی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔