پیرس(ویب ڈیسک) شہروں میں ایک ٹانگ سے محروم کبوتر دیکھے جاتے ہیں اور اب ان کے متاثرہ ہونے کی ایک عجیب وجہ سامنے آئی ہے کہ انسانی بال انہیں اپاہج کررہے ہیں۔کئی کبوتر پیروں سے محروم پائے جاتے ہیں اس کی ایک بڑی وجہ ہے کہ کبوتر اپنی ہی بیٹ پر کھڑے رہتے ہیں جس سے پنجوں میں انفیکشن پھیل جاتا ہے اور وہ پاؤں سے محروم ہوجاتے ہیں۔پرندوں کے ماہرین نے ان کے پیروں پر لپٹے بالوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ انسانی بال کے گچھے ان بے بس پرندوں کے پیروں سے لپٹ جاتے ہیں اور دھیرے دھیرے تنگ ہوکر خون کا دباؤ روک دیتے ہیں۔ اس سے پاؤں مفلوج ہوجاتا ہے یا پھر جھڑ کر گرجاتا ہے۔اسی بنا پر فرانس کے میوزیم برائے نیچرل ہسٹری کے ماہر فریڈرخ جیگاؤ نے اپنے ساتھیوں سمیت پورے پیرس کا جائزہ لیا۔ انہوں ںے 46 مقامات پر آبادی، ماحول اور کبوتروں کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ جہاں شور، آبادی اور فضائی آلودگی زیادہ تھی وہاں مفلوج کبوتروں کی تعداد دیگر علاقوں سے زیادہ تھی۔پھر جہاں حجاموں کی دکانیں اور ہیئرڈریسنگ پارلر زیادہ تھے وہاں مفلوج کبوتر زیادہ ملے کیونکہ بال وہاں سے نکل کر ماحول میں شامل ہورہے تھے اور کبوتروں تک پہنچ رہے تھے۔ ڈاکٹر فریدرخ کے مطابق پرندے خود بالوں میں نہیں الجھتے بلکہ ان کے پیر کے نیچے آنے والے بالوں کے گچھے تیزی سے لپٹتے جاتے ہیں اور رفتہ رفتہ تنگ ہوتے جاتے ہیں جس میں کبوتروں کا نازک پاؤں مفلوج ہوکر رہ جاتا ہے۔ماہرین نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہہے کہ اگر کسی علاقے میں سبزہ زیادہ ہوتو کبوتر وہاں خوش رہتے ہیں اور ان کے پیروں کے متاثر ہونے کی شرح بھی کم ہوتی ہے۔