پشاور( خبر نگار) خیبر پختونخوا میں قطرے نہ پینے پر پولیو کے 2نئے کیس سامنےآگئے ہیں، ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبہ ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں 30ماہ کی بچی اور تورغر کی تحصیل جبدبا میں23ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کے آثار پائے گئے ۔قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی رپورٹ میں بچوں کے پولیو کا شکار ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ یوں سال رواں میں ملک بھر میں پولیو کیسز مجموعی تعداد64جبکہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد48ہوگئی ہے ۔ ایمر جنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹرعبدالباسط کے مطابق پولیو ویکسی نیشن کے بارے میں غلط فہمیوں اوروالدین کے انکارکے باعث پولیو کے یہ کیس سامنے آئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے ، والدین شرپسند عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں اور اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں ۔